- الإعلانات -

وزیراعظم کے اعتمادکا ووٹ لینےکے فیصلےکو پورا ملک سراہ رہا ہے، شبلی فراز

وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہےکہ وزیراعظم کے اعتماد کا ووٹ لینےکے فیصلےکو پورا ملک سراہ رہا ہے۔ ایک بیان میں شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان اخلاقیات کی سیاست کرتے ہیں، مفادات کی نہیں، ماضی میں بھی اپنے لوگوں کے خلاف کارروائی کی، یہی ہماری روایت ہے۔

شبلی فراز کا کہنا ہےکہ اپوزیشن ووٹ خریدنے والوں کی نمائندگی کر رہی ہے، عمران خان کا کہنا ہےکہ انتخابات صاف شفاف ہونا چاہئیں، ہم نے 2018 میں بکنے والوں کو پارٹی سے نکال دیا تھا۔ ان کا کہنا ہےکہ 174 ووٹ پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار نے لیے، ممبران کو اعتماد ہے، اعتماد کا ووٹ لینا وزیراعظم کا ذاتی فیصلہ ہے، پورا ملک اسے سراہ رہا ہے،سینیٹ الیکشن میں ہمارا جو حصہ تھا وہ ہمیں ملا ہے،ہم اصولوں پر اور وہ مفادات پرسیاست کرتے ہیں، یہی فرق ہے۔