- الإعلانات -

قائمہ کمیٹی کابینہ کا اجلاس، پی آئی اے کے جہازوں سے منشیات برآمد ، وزیر داخلہ طلب

اسلام آباد:قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کابینہ نے پی آئی اے کے جہازوں سے ہیروئن پکڑے جانے اور ملزمان کی عدم گرفتاری پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو طلب کر لیا ہے۔ذرائع  کے مطابق رانا حیات کی زیر صدارت قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے کے جہازوں سے ہیروئن پکڑے جانے پر پی آئی اے حکام نے رپورٹ پیش کی۔ کمیٹی نے رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان واقعات میں چھوٹے اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا لیکن بڑوں کو نہیں پکڑا گیا۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کو طلب کر لیا اور کہا کہ آٹھ ماہ کے دوران متعلقہ حکام ملزمان کو نہیں پکڑ سکے، یہ نااہلی ہے۔ ہیروئن برآمدگی سے پوری دنیا میں ملک کی بدنامی ہوئی، ایسے واقعات قومی دشمنی ہیں۔ اے این ایف، کسٹمز اور پی آئی اے حکام ہیں جس پر کسٹم حکام نے کہا کہ ہماری ستائش ہونی چاہئے کہ ہم نے منشیات بروقت پکڑ لی۔ کسٹم حکام کی اس بات پر کمیٹی چیئرمین رانا حیات نے کہا کہ کسٹم والوں نے آج تک چوہا تک نہیں پکڑا، کہتے ہیں تعریف کریں۔