- الإعلانات -

بدین میں 12 سالا عمران احمدی پر دہشت گردی کا مقدمہ درج

بدین میں پولیس نے ایک نوعمر لڑکے پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ احمدی برادری سے تعلق رکھنے والا عمران گرگیج گذشتہ روز گھر میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے زخمی ہوگیا تھا۔ بدین کے ماڈل ٹاؤن تھانے میں عمران گرگیج کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے سیکشن 3، 4، 5 ، 6 اور 7 اور پی پی سی 120 بی کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس ٹیم کو گشت کے دوران دھماکے کی آواز سنائی دی اور جب وہ گلی میں پہنچی تو لوگوں کا ہجوم جمع تھا اور ملزم عمران دوستوں کے ساتھ بھاگ رہا تھا۔سرکار کی مدعیت میں دائر مقدمے میں عمران گرگیج کی عمر 17 سال بتائی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ ملزم کا علاج کرانے کے بعد اسے گرفتار کیا گیا۔ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن ابراہیم جتوئی کا دعویٰ ہے کہ گھر میں دیسی ساخت کا ریموٹ کنٹرول بم بنایا جا رہا تھا اور اس وقت پولیس کی ایک ٹیم وہاں گشت پر تھی اسی دوران یہ بم پھٹ گیا اور پولیس نے وہاں فوری طور پر پہنچ کر لڑکے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔اس کے علاہ قریبی رشتے داروں اور مشتبہ افراد سمیت پانچ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔پولیس کا دعویٰ ہے کہ جائے وقوعہ سے ایک ڈیوائس، ڈیٹونیٹر اور ریموٹ ملا ہے جو دھماکہ خیز مواد کو اڑانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن ابراہیم جتوئی کا کہنا ہے کہ وہ تفتیش کر رہے ہیں کہ ان کا منصوبہ کیا تھا۔ایس ایچ او نے اس بات کی تردید کی کہ گرگیج خاندان کو احمدی برادری سے تعلق ہونے کے بنیاد پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ لڑکا اس واقعے میں زخمی ہوا ہے، اس کے جسم پر نشانات ہیں اور ایک ہاتھ جھلسا ہوا ہے اس کے علاوہ گھر سے سامان برآمد ہوا ہے، دراصل یہ مجرم ہیں اور خود کو بچانے کے لیے اس طرح کے حربے استعمال کر رہے ہیں۔‘