- الإعلانات -

سیاسی رہنماؤں کا عبدالستار ایدھی کو زبردست خراج عقیدت

سیاسی رہنماؤں نے عبدالستار ایدھی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کہتےہیں۔ ایدھی صاحب  ایک بڑے انسان تھے۔ انہوں  نے اپنی پوری زندگی انسانیت کیلئے وقف کردی۔ ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی کا کہنا تھا ایدھی صاحب جیسی معتبر شخصیت  کی قربانیوں سے  پوری قوم کو سبق سیکھنا چاہیے۔خادم اعظم محسن پاکستان عبدالستار ایدھی کے سوئم میں سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ قرآن خوانی میں موجود ہر آنکھ اشکبار تھی۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اور اسپیکر اسمبلی آغا سراج درانی بھی اظہار تعزیت کیلئے میٹھادر پہنچے۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا ایدھی صاھب خود تو دنیا سے چلے گئے لیکن جاتے جاتے دو زندگیوں کو روشن کر گئے۔ اس موقع پر آغا سراج درانی نے بھی عبد الستار کی خدمات  کو سراہا۔سوئم میں شرکت کیلئے آئے  ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار کاکہناتھاکہ عبدالستار ایدھی ایک عظیم انسان تھے۔ انہوں نے امیر و غریب کے فرق کو ختم کیا۔وہ ساری زندگی گزار کر امر ہوگئے۔ ان کی موت کے بعد ہزاروں لوگ یتیم ہوگئے۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی کاکہناتھاکہ عبدالستار ایدھی کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ ان جیسا کوئی شخص پیدا ہوا ہے نہ ہوگا۔ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ایدھی صاحب نے جاتے جاتے اپنی آنکھیں بھی عطیہ کردیں۔پاک سرزمین پارٹی کے رہنما وسیم آفتاب نے کہاکہ عبدالستار ایدھی نے ہمیشہ انسانیت کا درس دیا۔ ہماری دعائیں فیصل ایدھی کے ساتھ ہیں اور امید ہے کہ وہ اپنے عظیم والد کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی ایدھی صاحب کے سوئم میں شرکت کی اور انکی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔