- الإعلانات -

حویلی میں سیاسی گروہوں کے درمیان کشیدگی، کئی دکانیں جلا دی گئیں

مظفر آباد: آزاد کشمیر کے ضلع حویلی میں دو سیاسی گروہوں کے درمیان تصادم کے باعث حالات بدستور کشیدہ رہے، مشتعل مظاہرین نے گگڈار میں 35 دکانیں جلا دیں، متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔گزشتہ روز پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کے درمیان تصادم اور فائرنگ کے باعث 3 افراد جاں بحق اور 17 زخمی ہوئے تھے جس کے باعث آج ضلع حویلی میں کشیدگی برقرار رہی۔مشتعل مظاہرین نے گگڈار میں 35 دکانیں جلا دیں۔ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔ کشیدگی کے باعث بازار اور کاروباری مراکز بند رہے۔ ٹریفک کا نظام بھی جزوی طور پر معطل رہا۔ حالات کنٹرول کرنے کے لئے آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع سے پولیس کی نفری حویلی طلب کی گئی ہے۔350 پولیس اہلکاروں کو حویلی کے مختلف علاقوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر مصطفیٰ مغل نے حویلی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حویلی سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ فارورڈ کہوٹہ پولیس نے واقعے کے 2 مقدمات درج کر لئے ہیں۔ ایک مقدمے میں اقدام قتل کی دفعہ شامل کی گئی جس کے تحت وزیر برقیات فیصل راٹھور اور حلقہ ایل اے 16 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار طارق سعید سمیت 12 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل نہیں کی گئی جس کے تحت 44 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔