- الإعلانات -

حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں کا تبادلہ کرنے پر اتفاق

اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے درمیان ملاقات ، اراکین کی تعیناتی کے حوالے سے تبادلہ خیال.حکومت اور اپوزیشن جمعرات کو الیکشن کمیشن اراکین کے ناموں کا تبادلہ کرنے پر متفق ہو گئی ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کہتے ہیں 25 جولائی تک الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کا تقرر کر دیا جائے گا ۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن ارکان کی تعیناتی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا ، ملاقات میں پاناما لیکس اور ملک کی سیاسی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی ۔ میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بدھ کو دیگر اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کیلئے اجلاس بلا رکھا ہے ، اس لئے الیکشن کمیشن کے نئے اراکین کی نامزدگیوں سے متعلق اسحاق ڈار سے جمعرات تک وقت مانگا ہے ۔ چودہ جولائی کو نئے اراکین کیلئے موزوں افراد کے ناموں کا تبادلہ ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار سے ملاقات میں پاناما لیکس کے معاملے پر بات نہیں ہوئی ۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بائیس ویں آئینی ترمیم کے مطابق الیکشن کمیشن اراکین کی تقرری 45 روز میں ہونا ہے ، پچیس جولائی تک نئے اراکین کا تقرر کر دیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت اور اپوزیشن کی نامزدگیوں کے تبادلے کیلئے خورشید شاہ سے جمعرات کو دوبارہ ملاقات ہوگی