- الإعلانات -

راحیل شریف کے بینرز لگانا حکومت کی ایک چال ہے،اعتزاز احسن

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حوالے سے لگائے گئے بینرز حکومت کی ایک چال ہے اور حکومت اس طرح ہمیں خوفزدہ کرنا چاہتی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے پر عمل پیرا ہے، لیکن ہم اسے انتخابات سے بھاگنے نہیں دیں گے جبکہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے دوران فوج کی تعیناتی لازمی ہے۔

پاناما لیکس کے حوالے سے اعتزاز احسن نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات میں حکومت کی مشکلات آسان کرنے کے لیے سینیٹ میں بل لارہے ہیں، وزیر اعظم نواز شریف اپنا احتساب اس قسم کا چاہتے ہیں کہ کمیشن کے ہاتھ پاؤں بندھ، آنکھیں اور منہ سلے ہوئے ہوں، لیکن ہم ایسا قانون تجویز کررہے ہیں جس کے تحت پاناما لیکس میں موجود تمام شخصیات کا یکساں احتساب ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے یکساں احتسابی ٹی او آرز بننے چاہیے، ہم سہولت کار بن رہے ہیں کہ وزیراعظم خود کو کلیئر کرائیں، پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے بل کا مسودہ تیار کیا جارہا ہے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی منظوری کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے بھی بل پر مشاورت کی جائے گی۔راحیل شریف کے حوالے سے لگائے گئے بینرز پر اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ بینرز لگانا حکومت کی ایک چال ہے، حکومت اس طرح ہمیں خوفزدہ کرنا اور پاناما لیکس کی تحقیقات سے بچنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو قطعاً کوئی خطرہ نہیں ہے، فوج ٹیک اور کرنے کو تیار ہے نہ آرہی ہے، جبکہ حکومت خود ہی اپوزیشن پردباؤ ڈالنے کے لیے ایسا ماحول بنا رہی ہے۔