- الإعلانات -

آرمی چیف کو بلانے والے نادان اور احمق ہیں،پرویز رشید

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے متعلق شکوک و شبہات پھیلانا آپریشن ’ضرب عضب‘ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، جبکہ انہیں بلانے والے نادان اور احمق ہیں۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے متعلق لگنے والے بینرز کے حوالے سے بیان میں پرویز رشید نے کہا کہ آرمی چیف کو بلانے والے نادان اور احمق ہیں اور ایسے احمق اور نادان دوست کسی کا بھلا نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ جنرل راحیل شریف سے متعلق شکوک و شبہات پھیلانا آپریشن ’ضرب عضب‘ کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، قومی سلامتی کے ادارے کے سربراہ کے طور پر ان کی مدت ملازمت میں بہت وقت ہے اس لیے ابھی اس پر بات کرنا قبل از وقت ہے۔وزیر اعظم کے حوالے سے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے وطن واپس آنے کے بعد دوبارہ اپنے معاملات سنبھال لیے ہیں، لوگوں نے ان کے راستے میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی مگر وزیر اعظم نے انہیں کامیاب نہیں ہونے دیا، جبکہ تاریخ میں نواز شریف کی انتھک محنت کو یاد رکھا جائے گا۔کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم کشمیری عوام کے ساتھ ہیں اور کشمیر کی سیاسی و اخلاقی مدد جاری رکھی جائے گی۔