- الإعلانات -

ترکی میں محصور 146 پاکستانی کراچی پہنچ گئے

 کراچی : بغاوت کے آغاز کے بعد پاکستانی مختلف شہروں میں محصور ہوگئے تھے ، کراچی آنے والوں میں دیگر ممالک کے باشندے بھی شامل۔ ترکی میں محصور ایک سو چالیس پاکستانی نجی ائیر لائن کی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچ گئے ، مسافروں کا کہنا ہے کٹھن حالات تھے اپنی سر زمین پر پہنچ کر تحفظ اور اطمینان محسوس کر رہے ہیں ۔ گزشتہ روز ترکی میں فوجی بغاوت کے بعد سینکڑوں پاکستانی بھی ترکی کے مختلف شہروں میں محصور ہو گئے تھے ، حالات معمول پر آنے کے بعد پہلی فلائٹ کے ذریعے آج صبح 140 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے ۔ مسافروں میں دوسرے ممالک سے سیر و تفریح کے لئے ترکی جانے والے بھی شامل ہیں جو فضائی آپریشن معطل ہونے کی وجہ سے ائیر پورٹ پر محصور ہوگئے تھے ۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ ترکی میں افراتفری کا عالم تھا ۔ استنبول ایئرپورٹ پر ہزاروں کی تعداد میں لوگ موجود تھے جو فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنتے ہی جان بچانے کے لئے بھاگتے رہے ۔ دوسری جانب مسافروں نے دیار غیر میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے خاطر خواہ مدد نہ ملنے کا بھی شکوہ کیا ۔ ترکی سے مختلف پروازوں کے ذریعے مزید پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ ابھی جاری ہے