- الإعلانات -

’افغان سفیر کی بیٹی کے مؤقف اور تحقیقات میں سامنے آنیوالی چیزوں میں ہم آہنگی نہیں‘

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ افغان سفیر کی بیٹی کے مؤقف اور تحقیقات میں سامنے آنے والی باتوں میں ہم آہنگی نہیں۔

افغان صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغان سفیرکی بیٹی سے متعلق سیف سٹی کیمروں کی تفصیل موجود ہے، جس ٹیکسی پرسفیرکی بیٹی نے سفر کیا اس ٹیکسی اور ڈرائیور کی معلومات موجود ہیں لیکن افغان سفیرکی بیٹی کے مؤقف،کیمرہ فوٹیج اور ٹیکسی ڈرائیورکے بیان میں ہم آہنگی نہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ سفیرکی بیٹی کے مطابق انہیں ٹیکسی میں ڈال کر اغوا کیا گیا اور تشدد کیا گیا جب کہ کیمرے کی فوٹیج کے مطابق افغان سفیرکی بیٹی ٹیکسی میں خود آرام سے بیٹھی ہیں، پولیس نے ٹیکسی ڈرائیورسے تفتیش کی اور تمام ریکارڈ پولیس کے پاس موجود ہے، تفتیش اور افغان سفیر کی بیٹی کے مؤقف میں تضاد ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے افغان سفیر واپس چلے گئے ہیں اور اب تصدیق کیلئے ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں، افغانستان سے ایک ٹیم آرہی ہے ہم انہیں تمام معلومات فراہم کریں گے، افغان ٹیم کو سیف سٹی کیمرے کی فوٹیج سے حاصل فوٹو بھی فراہم کریں گے، فوٹیجز اور معلومات کی بنیاد پرافغان ٹیم افغان سفیرکی بیٹی سے تفتیش کرسکتی ہے۔