- الإعلانات -

کویت میں قومی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن پر پابندی سے متعلق بڑی خبر آگئی

کراچی: سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کو کویت میں فلائٹ آپریشن کی اجازت نہ ملی تو کویتی ایئرلائنز بھی پاکستان نہیں آسکیں گی۔

تفصیلات کے مطابق کویتی انتظامیہ نے کویت میں قومی ایئرلائنز کے فلائٹ آپریشن پر پابندی عائد کررکھی ہے جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کا مؤقف سامنے آیا ہے کہ پی آئی اے کو اجازت نہ ملی تو کویتی ایئرلائنز بھی پاکستان نہیں آسکیں گی، یکم اکتوبر سے کویتی پروازوں کی پاکستان آمد محدود کی جاسکتی ہے۔

سی اے اے نے کہا کہ کویتی پروازوں کی پاکستان آمد پر مکمل پابندی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا کی مشکل صورت حال کے باوجود کویتی پروازیں بلا رکاوٹ پاکستان آرہی ہیں، بارہا پی آئی اے کو کویت میں فلائٹ آپریشن کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی۔

ڈائریکٹر ایئرٹرانسپورٹ سی اے اے نے بتایا کہ کویت انتطامیہ نے ہماری درخواست کو نظرانداز کیا گیا، خط کا جواب بھی نہیں دیا گیا، کویتی حکام پی آئی اے کو فلائٹ آپریشن کی اجازت دیں۔