- الإعلانات -

وزارت دفاع نے ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی کی سمری میں تین نام تجویز کر دیے

نئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کی تقرری کی سمری وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کے لیے سمری وزارت دفاع کی جانب سے بھجوائی گئی ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت دفاع نے ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی کی سمری میں تین نام تجویز کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سمری میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا نام ہے جبکہ سمری میں چیف آف لاجسٹک اسٹاف جی ایچ کیو لیفٹیننٹ جنرل ثاقب محمود ملک کا نام بھی شامل ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا تھاکہ سمری میں تیسرانام کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی کاہے۔فواد چوہدری کا بیان واضح رہےکہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم اور آرمی چیف کے درمیان نئے ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے مشاورت مکمل ہو گئی۔

وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ نئی تقرری کا پراسس شروع ہو چکا ہے، ایک بار پھر سول اور فوجی قیادت نے یہ ثابت کیا ہے کہ ملک کے استحکام، سالمیت اور ترقی کیلئے تمام ادارے متحد اور یکساں ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے: عامر ڈوگر گزشتہ روز وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور عامر ڈوگر نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں کہا تھا کہ وزراعظم چاہتے تھے کہ افغانستان کی صورت حال کے باعث لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید مزید کچھ ماہ اپنے عہدے پر رہیں۔

عامر ڈوگر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نےکابینہ میں کہاکہ آرمی چیف کے ساتھ مثالی تعلقات ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی کیلئے 3 سے 5 نام آئیں گے، ان 3 سے 5 ناموں میں سے وزیراعظم نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی منظوری دیں گے۔