- الإعلانات -

کراچی، مقروض نوجوان کا دوستوں کے ہاتھوں بہیمانہ قتل

پولیس کا کہنا ہے کہ فرحان نامی نوجوان اپنے دوستوں کا مقروض تھا، فرحان نے دوستوں کا پیسہ اسٹاک مارکیٹ میں لگایا تھا جو ڈوب گیا، موت کے ذمے دار دوست ایک سال پہلے فرحان کی شادی میں بھی شریک ہوئے تھے۔
کراچی کے علاقے الفلاح سوسائٹی میں دوست رقم کے تنازع پر اپنے ہی دوست کو تشدد اور قتل کرکے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق الفلاح سوسائٹی میں 28 جولائی کی شب فرحان علی نامی نوجوان کے گھر میں اس کے دوست داخل ہوئے اور اسے چھریوں کے وار سے زخمی کیا۔
اہل خانہ کے مطابق ملزمان نے رات بھر مقتول فرحان کو تشدد کا نشانہ بنایا اورجاتے ہوئے گھر کا قیمتی سامان بھی لے گئے، صبح زخمی فرحان کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ملزمان کا الزام تھا کہ مقتول فرحان کی وجہ سے اسٹاک ایکسچینج میں ان کی رقم ڈوبی ہے جس کی وجہ سے انہوں نے فرحان کو قتل کیا۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی تلاش شروع کردی ہے، اہل خانہ کے مطابق فرحان اسٹاک ایکسچینج میں کام کرتا تھااور اس کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی۔