- الإعلانات -

کرونا وائرس: ملک بھر میں 400 سے زائد نئے کیسز رپورٹ

اسلام آباد: ملک بھر میں کرونا وائرس کے 400 سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 7 مزید اموات ہوئیں، ملک میں مکمل ویکسی نیٹڈ افراد کی تعداد لگ بھگ 5 کروڑ ہوچکی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 7 مریض انتقال کر گئے جس کے بعد کرونا وائرس سے مجموعی اموات کی تعداد 28 ہزار 704 ہوگئی۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 411 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کووڈ 19 کے مجموعی کیسز کی تعداد 12 لاکھ 83 ہزار 886 ہوگئی۔

ملک میں کرونا وائرس سے صحت یاب مریضوں کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 41 ہزار 589 ہوگئی۔ این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 44 ہزار 598 ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک میں 2 کروڑ 18 لاکھ 76 ہزار 689 کووڈ 19 ٹیسٹ ہوچکے ہیں۔

این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 0.92 فیصد رہی، ملک بھر کے 631 اسپتالوں میں کرونا وائرس کے 935 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔
ویکسی نیشن کی صورتحال

ملک میں اب تک 7 کروڑ 99 لاکھ 3 ہزار 178 افراد کو ویکسین کی ایک ڈوز جبکہ 4 کروڑ 98 لاکھ 44 ہزار 419 افراد کو ویکسین کی دونوں ڈوزز لگائی جا چکی ہیں۔