- الإعلانات -

اسلام آبادکے تعلیمی ادارے بلدیہ کے ماتحت کرنے پر اساتذہ کا تدریسی عمل کا بائيکاٹ

اسلام آبادکے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنےکے خلاف اساتذہ نے احتجاجی تحریک شروع کردی،کل سے تدریسی عمل کے بائيکاٹ کا بھی اعلان کردیا۔ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت تعلیمی اداروں کومیونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف اساتذہ نےاحتجاجی تحریک شروع کردی ہے اور اداروں کے باہر احتجاجی بینرز لگا دیے ہیں۔

فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہےکہ منگل سےکلاسوں کا بائیکاٹ کیا جائےگا، اسکولوں میں پڑھائی نہیں ہوگی، 2 دسمبر کو وزیراعظم آفس کے سامنے دھرنا بھی دیا جائےگا اور دھرنا آرڈیننس واپس لیے جانے تک جاری رہےگا۔

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہےکہ حکومت نے بذریعہ آرڈیننس تعلیمی اداروں کو بلدیاتی اداروں کے میئرکے ماتحت کردیا ہے، اس سے تعلیمی اداروں میں سیاسی دخل اندازی ہوگی اور مفت تعلیم اور کتابوں کی فراہمی خطرےمیں ہوگی۔