- الإعلانات -

وسیم نے قندیل کو قتل کرنے کے عوض سعودی عرب میں ملازمت کی لالچ دی، حق نواز

ملتان: قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار ملزم حق نواز نے انکشاف کیا ہے کہ مقتولہ کے بھائی نے قتل کے عوض سعودی عرب میں ملازمت کی یقین دہانی کرائی تھی۔

ملزم حق نواز نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں انکشاف کیا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم قندیل بلوچ کے بھائی عارف نے وسیم اور مجھے قتل کے لئے اکسایا تھا، عارف نے یقین دلایا تھا کہ قندیل بلوچ کے والد کیس کے مدعی ہوں گے اور سعودی عرب میں مقیم تینوں بھائی والد کو منا لیں گے۔

حق نواز نے پولیس کو مزید بتایا کہ وسیم نے یقین دلایا تھا کہ قندیل کو قتل کرتے ہی ویزہ تیار ہوگا اور آپ کو سعودی عرب میں ملازمت دلوائی جائے گی۔ حق نواز نے مزید بتایا کہ وسیم نے کہا تھا کہ قندیل بلوچ کے قتل کی تمام تر ذمہ داری وہ قبول کرے گا۔