- الإعلانات -

وزیراعظم اور سیاسی رہنماؤں کی سول اسپتال دھماکے کی شدید مذمت

کوئٹہ: وزیراعظم نواز شریف، وفاقی وزیرداخلہ، اپوزیشن لیڈر اور وزیراعلی بلوچستان سمیت دیگر رہنماؤں کی جانب سے بلوچستان بار کونسل کے صدر کے قتل اور سول اسپتال دھماکے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے سول اسپتال کوئٹہ میں دھماکے کی سخت مذمت اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں عوام ، فورسز اور پولیس کی بے پناہ قربانیوں کے بعد امن بحال ہوا، کسی کو بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے بلال انور کاسی کے قتل اور سول اسپتال میں دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی جب کہ وزیراعلی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا واقعہ بزدلانہ واقعہ ہے ،ملوث افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے سول اسپتال کوئٹہ دھماکے میں بڑی تعداد میں بے گناہ جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہائیوں سے بد ترین دہشت گردی کا شکار ہیں، شیطانی عمل کے پیچھے ہمارے اندرونی اور بیرونی دشمنوں کا ہاتھ ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے بلوچستان میں دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان بار کونسل کے صدر بلال اکبر کاسی کا قتل اور دھماکہ ایک ہی منصوبے کا حصہ تھے، وفاقی حکومت دہشت گردی سے بھاری جانی نقصان کے باوجود ایسے واقعات پر توجہ نہیں دے رہی، پاکستان کی سلامتی اور مستقبل کی فکر کی جائے، مذید تاخیر یا مصلحت انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔