- الإعلانات -

وزیراعظم کا دورہ آزاد کشمیر، نیلم جہلم منصوبے پر 85فیصدکام مکمل، وعدے ہرصورت پورے کریںگے: نوازشریف

مظفرآباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف آزادکشمیر کے دورے پر ہیں جہاں اُنہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے ہمراہ نیلم جہلم منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا ، منصوبے پر 78فیصد مقامی افراد کو روزگاردیاگیا۔
وزیراعظم نوازشریف کو چیئرمین واپڈا نے بریفنگ میں بتایاگیاکہ منصوبے پر 85.3فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے، سرنگوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے اورسرنگوں کی سٹیل لائننگ کا کام بھی نصف سے زیادہ مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ ڈیم کے سپل وے اور سٹرکچر کا کام سو فیصد مکمل ہے۔چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو بتایاکہ حادثاتی مشکلا ت کی وجہ سے منصوبے میں کچھ تاخیر ہوئی۔
وزیراعظم کاکہناتھاکہ منصوبے میں مشکلا ت کا ادراک کرتے ہوئے کام کرنا چاہیے تھا،منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے،قوم سے کئے گئے وعدے ہر صورت پورے کریں گے۔اُنہوں نے کہاکہ قوم کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کی فکر مجھ سے زیادہ کسے ہوگی؟قوم سے کئے وعدے پورے کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنے دیں گے،اپنی حکومت میں لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے درخواست کی کہ نیلم جہلم منصوبے کی تکمیل کے بعدمقامی افراد کو روزگار میں ترجیح دی جائے جس پر وزیراعظم پاکستان نے حکم دیاکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد بھی مقامی لوگوں کو ترجیح دی جائے جبکہ سی ای او پراجیکٹ نے بتایا کہ منصوبے پر 78فیصد مقامی افراد کو روزگار دیا گیا ۔

اس موقع پر وفاقی وزرائاسحاق ڈار، خواجہ آصف، پرویز رشید، برجیس طاہر اور معاون خصوصی آصف کرمانی بھی موجودتھے۔