- الإعلانات -

ریحام خان کا بیٹا ان کی حمایت میں باپ کے خلاف بو ل پڑا۔

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے دوسری شادی کرنے کے بعد اپنے سابق شوہر ڈاکٹر اعجاز رحمان کے خلاف تشدد سمیت دیگر الزامات لگائے ، ایک عرصہ خاموشی کے بعد دو ہفتے قبل انہوں نے ایک برطانوی اخبار کو انٹرویو دیا جس میں اس نے ریحام خان کے لگائے گئے الزامات کا جواب دیا اور ریحام خان پر جوابی حملے بھی کیے تھے ۔ اعجاز رحمان کے اس انٹرویو کے بعد ریحام خان کی طرف سے مسلسل سکوت طاری تھا جسے اب ریحام خان کے بیٹے ساحر خان نے توڑا ہے۔ساحر خان نے اپنی ماں کی حمایت میں ایک بلاگ لکھا ہے جس میں اس نے ڈاکٹر اعجاز کے جوابی حملوں کا بھی جواب دیا ہے۔ ساحر خان نے بلاگ میں لکھا ہے کہ ہم بہن بھائی اپنے باپ کے ظلم کے گواہ ہیں۔ انہوں نے لکھا ہے کہ میرا سر نیم خان ہے اور میں پچھلے دس سال سے خان ہی لکھ رہا ہوں۔ڈیلی میل کودیئے گئے انٹرویو میں ریحام خان کے سابق شوہر اعجاز رحمان نے کہا تھا کہ ”ریحام خان نے میرے خلاف میرے کے بچوں کے ذہنوں میں زہر بھر دیا ہے۔“ اس کے جواب میں ساحر نے اپنے بلاگ میں لکھا ہے کہ اعجاز رحمان پر عدالت میں ہمارے اور ہماری ماں کے ساتھ ناروا سلوک اور تشدد ثابت ہو چکا ہے اور عدالت نے اعجاز رحمان کو میری ماں اور ہم بہن بھائیوں سے اور گھر سے 100 میٹر تک دور رہنے کی ہدایت بھی کی تھی۔ ساتھ ہی ساحر خان نے اپنے باپ کی حمایت کرنے والے لوگوں کو بھی بے نطق سنتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے بیوی بچوں سے اس طرح بدسلوکی کرنے والے شخص کی حمایت کرنے اور اس کے حق میں بولنے والے لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔ ساحر خان نے پاکستانی صحافیوں کو بھی نہیں بخشا اورانہیں کوسنے دیتے ہوئے کہا کہ ”پاکستان کے اکثر صحافی جھوٹ کا پرچار کرتے ہیں اور وہ پروپیگنڈے کے لیے اس طرح کی چیزوں کو اچھالتے ہیں ۔“ساحر نے اپنی ماں کے ہمت و حوصلے کی داد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریحام خان ناقابل یقین حد تک مضبوط خاتون ہیں۔انہوں نے اعجاز رحمان سے طلاق لینے کے بعد10سال تک میری اور میری بہنوں کے اکیلے پرورش کی حالانکہ وہ ساتھ کام بھی کرتی تھیں۔ ساحر خان نے لکھا کہ وہ اور اس کی بہنیں ہمیشہ اپنی ماں کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ہر اچھے برے وقت میں ان کا ساتھ دیں گے۔ انہوں نے کہا ہم اپنی ماں کے ساتھ ایک یونٹ کی طرح متحد ہیں۔ ساحر نے اپنے بلاگ کے اختتامی کلمات میں لکھا کہ میں اس بات پر فخر نہیں کروں گا کہ میری ماں اس وقت کیا ہے اور اس نے زندگی میں کیا کامیابیاں حاصل کی ہیں، میں دنیا میں اپنی ماں سے سب سے زیادہ متاثر تھا اورہمیشہ رہوں گااورجس کسی کو تھوڑی سی بھی عقل ہو گی وہ ریحام خان سے ضرور متاثر ہو گا۔ اس کے ساتھ ہی ساحر خان نے اپنے بلاگ کے نیچے کورٹ آرڈر اور ریحام خان کا آفیشل بیان بھی پوسٹ کیا ہے جو ریحام خان نے اعجاز رحمان کے خلاف کیس میں عدالت کو دیا تھا۔