- الإعلانات -

پاکستانی ہیلی کاپٹر کا عملہ واپس پہنچ گیا

افغان صوبے لوگر میں چار اگست کو گرنے والے پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کو بازیاب کروا لیا گیا ہے۔

حکومتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ایک روسی سمیت عملے کے چھ ارکان اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔

خیال رہے کہ حکومت پنجاب کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر معمول کی مرمت کے لیے چار اگست کو افغانستان کے راستے ازبکستان جا رہا تھا کہ افغان صوبے لوگر کے ضلع عذرا میں گر گیا تھا۔

اطلاعات تھیں کہ اس پر سوار چھ افراد کو جن میں سے پانچ پاکستانی اور ایک روسی شہری ہے کو طالبان نے پکڑ لیا تھا۔

حکومتی ذرائع نے بتایا کہ یہ رہائی افغانستان کے مقامی جرگے کی مدد سے عمل میں آئی ہے۔

ان افراد سے پاکستانی حکام تحقیقات کریں گے کہ ہیلی کاپٹر گرنے کی کیا وجوہات تھیں اور اس کی بھی تفصیل حاصل کی جائے گی کہ وہ کس کی تحویل میں تھے۔

اس سے پہلے حکومت پنجاب نے بتایا تھا ’اس ہیلی کاپٹر میں پانچ پاکستانی اور ایک روسی سوار تھا۔ روسی اہلکار نیویگیٹر تھا جب کہ پانچ پاکستانیوں میں سے چار ریٹائرڈ فوجی افسر تھے۔‘

پاکستان کے وزیرِ اعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ پاکستانی ہیلی کاپٹر کے عملے کی بازیابی کے لیے حکومت ’تمام رسمی اور غیر رسمی‘ ذرائع استعمال کیے گئے۔

افغان صدر اشرف غنی نے بھی صوبائی حکام کو ان افراد کی جلد از جلد بازیابی کی ہدایات جاری کی تھیں۔

پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں بتایا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے اس سلسلے میں افغانستان میں تعینات اتحادی افواج کے سربراہ اور افغان صدر سے بھی رابطہ کیا تھا۔