- الإعلانات -

تشدد کا قائل نہیں، کل جو ہوا قابل مذمت ہے ،فاروق ستار

متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ہم ایسا کوئی عمل اور عنصر جس میں تشدد ہواس کے قائل نہیں ،گزشتہ روز ہونے والے واقعے کی مذمت کرتا ہوں۔

کراچی پریس کلب پہنچنے پر میڈیا نمائندوں نے فاروق ستار کو پریس کلب میں داخلے سے روک دیا اور مطالبہ کیا کہ کل کے واقعے پر معذرت کی جائے ۔

فاروق ستار نے مزید کہا کہ تشدد کل ایم کیو ایم کی پالیسی تھی نہ آج ہے اور نہ آئندہ ہوگی کیونکہ ہم اس کے قائل نہیں ہیں۔

قبل ازیں پریس کلب کے لئے گھر سے نکلنے والے ایم کیو رہنما مقامی ہوٹل پہنچے تھے جہاں انہوں نے سینیٹر نسرین جلیل ، نامزد نائب میئر ارشد وہرہ اور اراکین اسمبلی سے مشاورتی ملاقات کی ۔

فاروق ستار کا کہناتھاکہ کچھ دیر بعد پریس کلب پہنچوں گا ،یہاں کسی سے ملاقات کرنی ہے ،بڑا فیصلہ کرنے جارہا ہوں ،بہت ہوگیا ہے۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا کہ بہت پراعتماد اور آپ کی دعا کا درخواست گزار ہوں،جو بات کل نہیں کرسکا آج کہوں گا ۔

گھر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ جو بات بھی کروں گا پریس کانفرنس میں کروں گا ،آج بھی اسی عزم کا اظہار ہے جس عزم سے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا ۔

انہوں نے صحافیوں کے کل کی تقریر اور واقعے پر پوچھے گئے سوال پر کہا کہ جہاں اتنا صبر کیا ہے تھوڑا اور کرلیں۔