- الإعلانات -

صدر ممنون حسین سے رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ چاول کی پیداوار اور برآمدات کو مزید بڑھانے کےلئے اعلیٰ معیار کے چاول کے بیج متعارف کرانے کی ضرورت ہے تاکہ اس کی مانگ میں مزید اضافہ ہو۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین محمد شفیق کی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان چاول کے شعبہ کی برآمد ات کو بہتر بنانے کےلئے اقدامات کرے جس سے نہ صرف چاول برآمد کنندگان کو فائدہ ہو گا بلکہ کسان بھی اسے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ صدرمملکت نے کہا کہ ٹریڈ ایسوسی ایشن کاروبار کو فروغ دینے اور برآمدات بڑھانے کےلئے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کاروباری اور صنعتی شعبوں کو سہولیات دینے کےلئے حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں جا رہی ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ چاول کی صنعت پر بین الاقوامی منڈیوں میں قیمتیں کم ہو گئی ہیں جس سے اس سے وابستہ لوگوں کو نقصان ہوا ہے لیکن اس شعبہ سے وابستہ لوگوں نے عزم و ہمت کا مظاہرہ کیا جو کہ قابل تحسین ہے۔