- الإعلانات -

سندھ، پنجاب، کشمیر، خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان میں بارشیں

سندھ، پنجاب، کشمیر ،خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، ملکہ کوہسار مری میں مسلسل بارش کی وجہ سے موسم سرد ہوگیا اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔

بھیگا بھیگا موسم اور رم جھم برستی بارش، برسات نے ہر چیز کونکھار دیا، گوجرانوالہ، میانوالی، چنیوٹ، خانیوال، چیچہ وطنی اور منڈی بہاء الدین سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم کو سہانا کردیا۔

ملکہ کوہسار مری میں بھی صبح سے ہی تیزبارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی،نشیبی علاقے پانی میں ڈوبے نظر آتے ہیں، یخ بستہ ہواؤں نے موسم سرد کر دیا، شہریوں نے گرم کپڑے نکال لیے اور گھروں میں ہیٹرز کا استعمال شروع ہوگیا۔

پڈ عیدن اور خیرپور میں بارش کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، ضلع دادو میں مٹی کے طوفان کے ساتھ تیز بارش نے جل تھل ایک کر دیا، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے کئی شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔