- الإعلانات -

’حکمرانوں کی جنگ عوام کیلئے نہیں، اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر اور دودھ کی بوتل کیلئے ہے‘

امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ موجودہ اور سابق حکمرانوں کی جنگ عوام کے لیے نہیں بلکہ اسٹیلشمنٹ کے فیڈر اور دودھ کی بوتل کے لیے ہے۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ نظام وہی ہے، صرف چوکیدار اور پہریدار بدلا ہے۔

سراج الحق نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ پی ڈی ایم ہو یا پی ٹی آئی، ان کی جنگ عوام کے لیے نہیں، صرف اسٹیبلشمنٹ کے فیڈر اور دودھ کی بوتل کے لیے ہے۔

قبل ازیں نو منتخب حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سراج الحق نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ حکومت سنبھالنے کے بعد سب سے پہلا کام آئی ایم ایف کے در پر حاضری کا کیا گیا ہے، اور مذاکرات کے بعد عوام پر مہنگائی بم گرانے کی تیاری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ہو یا سابقہ، سب امریکا اور آئی ایم ایف کے سامنے جھکتے ہیں، آئی ایم ایف سے کیے جانے والے تمام معاہدے قوم کے سامنے لائے جائیں۔