- الإعلانات -

کراچی میں رینجرز اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے، اعتزاز

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ کراچی میں رینجرز اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے، رینجرز کی کارروائیاں الطاف حسین اور اس کے عسکری ونگ کو جلا بخشیں گی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا ٹاک میں اعتزاز احسن نے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ کسی صورت دبنے والا نہیں ہے جو سمجھتا ہے کہ یہ معاملہ دب جائے گایہ اس کی بھول ہے،پانامہ لیکس کے معاملے پر آئندہ دو تین روز میں ایک نیا موڑ آنے والا ہے ۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ حسین نواز نے 42 اعشاریہ 50 ملین پاؤنڈ کی برطانیہ میں ون ہائیڈ پارک میں پراپرٹی کا سودا کیا ہےیہ پراپرٹی مے فیئرز اپارٹمنٹ سے بھی زیادہ مہنگی ہے ہمارے پاس اس ڈیل کی دستاویزات بھی آچکی ہیں ۔

کراچی میں رینجرز اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے یہ تاثر ابھر رہا ہے کہ رینجرز نے ڈرائی کلیننگ کی فیکٹری لگا رکھی ہے۔جو بھی رینجرز کے پاس جاتا ہے ڈرائی کلین ہو کر واپس آتا ہے۔

فاروق ستار اور آصف حسنین کے معاملہ میں بھی ایسا ہی ہوا،اگر فاروق ستار رینجرز کے تحویل میں لئے جانے سے پہلے لاتعلقی کا بیان دیتے تو اس کا زیادہ فائدہ ہوتاایم کیو ایم ابھی بھی بعد از الطاف حسین نہیں ہوئی ۔

برطانیہ میں الطاف حسین کے خلاف کاروائی کے لئے حکومت پاکستان کو خود رابطہ کرنا ہو گاایم کیو ایم کے غیر قانونی دفاتر ضرور مسمار کئے جائیں مگر قانونی دفاتر کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔