- الإعلانات -

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی وفاقی وزیربرائے پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملاقات

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اسلام آباد میں وفاقی وزیربرائے پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملاقات کی-

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا بجلی کے تنازع پر سندھ اوروفاق کی دوریاں کم ہونے لگیں ہیں ،اسلام آباد میں بیٹھک کے بعد خواجہ آصف نے سندھ میں لوڈ شیڈنگ کی شکایت کے ازالے کی یقین دہانی کرادی۔ واجبات کا معاملہ بھی مل جل کر طے کرنے پر اتفاق ہوگیا، مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے پن بجلی منصوبوں کو گرڈ سے منسلک کرنے کی درخواست مان لی گئی۔

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سندھ میں لوڈشیڈنگ کی شکایات کا ازالہ کریں گے، وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ سندھ کے وفاق کو بقایا جات کے معاملے پر انیس بیس کا فرق رہ گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگومیں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سندھ اور اندرون سندھ میں لوڈ شیڈنگ پر بات ہوئی، بقایا جات کا معاملہ جلد طے ہوجائے گا۔سندھ میں لوڈ شیڈنگ کی شکایت کا ازالہ کریں گے ، بقایا جات کے معاملے پر جلد بات طے ہوجائے گی ۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ خواجہ آصف سے ملاقات اچھے ماحول میں ہوئی، وفاق نے ان کی بہت ساری باتوں سے اتفاق کیا ہے، بقایاجات کامعاملہ جلد حل ہوجائے گا۔

ذرائع کے مطابق سیکریٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ سندھ کی 2 بجلی تقسیم کار کمپنیوں سیپکو اور حیسکو کے سندھ حکومت کی طرف 72 ارب روپے کے بقایا جات ہیں جو 2011 سے اب تک کے ہیں۔