- الإعلانات -

سفارت خانہ پاکستان میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی تقریب

ریاض:(ملک ندیم شیر) سفارت خانہ پاکستان میں حبیب بینک کے باہمی اشتراک سے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے علاوہ مختلف تنظیموں کے نمائندوں سمیت کاروباری افراد نے شرکت کی۔
روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کی تقریب سے سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بہتر انداز میں خدمت کی ہے روشن ڈیجیٹل اکاونٹ سے اوورسیز پاکستانی نا صرف ملکی معاشی ترقی میں کردار ادا کرسکتے ہیں بلکہ اسکے ذریعے بہت سے فوائد بھی حاصل کر سکتے ہیں اور ہماری کوشش ہوگی کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی ورکرز تک روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے بارے میں معلومات فراہم کی جاسکیں تاکہ وہ اس سے بھرپور فائدہ اٹھاسکیں۔

حبیب بینک کے ہیڈ ریٹیل پروڈکٹس سید محسن علی شاہ کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی لیبر کیمپ سے بہت اچھا رسپانس مل رہا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب کے تمام ریجنز میں موجود لیبرز تک پہنچا جاسکے اور پاکستانی ورکرز کو آر ڈی اے کے بارے میں نا صرف معلومات فراہم کریں بلکہ ان کے اکاونٹ بھی کھولے جاسکیں۔

حبیب بینک آف پاکستان کے افسران جن میں محمد کامران صدیقی ، شازیہ گل ، کرن سردار کوہاٹی ، فرحان علی خان اور عابد خان نے پاکستانی کمیونٹی کے افراد کو روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اور انکے سوالات کے جواب بھی دیئے۔