- الإعلانات -

تمام ارکان اسمبلی پہنچیں، حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے: پرویز الٰہی

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے مسلم لیگ ق کے تمام اراکین کو ایوان پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے دیکھتے ہیں کہ کون ہمیں اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی نے کہا کہ ارکان اسمبلی دوپہر 12 بجے پنجاب اسمبلی پہنچیں، حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، منتخب نمائندوں کو کوئی اسمبلی میں داخلے سے نہیں روک سکتا، ہمارے تمام ممبران اجلاس میں پہنچیں گے اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ضرور ہو گا۔

ایک سوال کے جواب میں چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ آج بھی گورنر پنجاب ہیں، گورنر کے ہوتے ہوئے میں کیسے قائم مقام گورنر بن جاؤں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ باپ بیٹا اسمبلی کے ساتھ ایسا اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ ان کے پاس نمبرز کم ہیں جبکہ میں آج بھی وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار ہوں۔

یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے بھی ن لیگ اور اتحادیوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلا لیا ہے۔