- الإعلانات -

امریکا چین کے اثر کو روکنے کیلئے بھارت سے تعاون بڑھارہا ہے: سرتاج عزیز

امریکا چین کے اثر کو روکنے کیلئے بھارت سے تعاون بڑھارہا ہے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنا چاہتا ہے ، ایسی صورتحال میں بھارت سے بہتر اور کون ہو سکتا ہے-

لاہور وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے ۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہا کہ دنیا میں جس طرح کی نئی صف بندیاں ہو رہی ہیں پاکستان اس میں صحیح مقام پر کھڑا ہے ۔ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان عالمی تنہائی کا شکار ہو رہا ہے ، یہ پراپیگنڈہ صرف اس لئے ہو رہا ہے کہ پاکستان کے چین ، روس اور مشرق وسطیٰ کے ممالک سے اچھے تعلقات ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر کو روکنا چاہتا ہے ، ایسی صورتحال میں بھارت سے بہتر اور کون ہو سکتا ہے ۔
کشمیر کے حوالے سے سرتاج عزیز نے کہا اسے دنیا نے نہیں ، کشمیریوں نے حل کرنا ہے جو لوگ خون دینے کے لیے تیار ہو جائیں ان کو کوئی نہیں دبا سکتا ۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے بھارت میں بیانات سے پاکستان کی کوئی بدنامی نہیں ہو رہی ہے ۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ ساری دنیا میں دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ تاہم پاکستان میں اس حوالے سے کمی آئی ہے جبکہ داعش کو بھی ملک میں داخل ہونے سے روک دیا ہے ۔ پاکستان نے نہ صرف اپنے قبائلی علاقوں کو دہشت گردوں سے صاف کر کے وہاں اپنی عملداری قائم کی بلکہ داعش کو بھی روک دیا ہے ۔