- الإعلانات -

رانا ثنااللہ نے عمران خان کو انتخابات پر بات چیت کی پیشکش کردی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیراعظم عمران خان کو انتخابات پر بات چیت کرنے کی پیشکش کر دی۔ ایک انٹرویو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان بیٹھ کر بات کریں، انتخابات اکتوبر میں کرانے ہیں یا آگے، یہ چیزیں حل ہوسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے 25 مئی کے الٹی میٹم سے پہلے (ن) لیگ کا مؤقف تھا کہ پیٹرول مہنگا کرنے کے بجائے الیکشن میں چلے جائیں لیکن عمران خان کی ضد اور غیر جمہوری رویوں کی وجہ سے اتحادیوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر الیکشن نہیں کراسکتے۔ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی لانگ مارچ اسلام آباد کی طرف دو صورتوں میں بڑھ سکتا ہے، حکومت اجازت دے یا سپریم کورٹ، اس کے سوا کوئی مارچ نہیں آسکتا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان بھلے لانگ مارچ کی تیاری کریں اور تاریخ کا اعلان کریں، وہ سمجھتے ہیں وہ جو چاہتے ہیں اس کو پوری قوم کو ماننا پڑے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا لیڈر آف ہاؤس کا لیڈر آف اپوزیشن سے ہاتھ ملائے بغیر نظام چل سکتا ہے؟ عمران خان نے ساڑھے 3 سال یہی کیا ہے، عمران خان اب اپوزیشن میں ہے تو کہتا ہے کہ وہ حکومت کو نہیں مانتا۔ رانا ثنااللہ نے کہا کہ عمران خان کا نام فی الحال ای سی ایل پر نہیں، سابق وزیراعظم نے جرم کا ارتکاب کیا ہے جس کے شواہد موجود ہیں، انہیں گرفتار کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرح خان (گوگی) کے ذریعے جو رشوت لی جاتی تھی، اس کی تحقیقات ہورہی ہے اس میں وقت لگے گا، نئے چیئرمین نیب جیسے چاہیں گے ویسے تحقیقات کریں گے ہمارا کوئی سروکار نہیں ہوگا۔