- الإعلانات -

وزیراعظم محمد نواز شریف 40 میگاواٹ کوئلے سے چلنے والے توانائی منصوبے کا افتتاح کردیا

فیصل آباد۔: وزیراعظم محمد نواز شریف نے ہفتہ کو نجی شعبہ میں 40 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی کے منصوبے کا افتتاح کردیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ،وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال ، وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر،وزیرمملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ستارہ کیمیکل انڈسٹریز لمیٹڈ فیصل آباد میں 40 میگاواٹ کے کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کا افتتاح توانائی کے شعبہ میں خود انحصاری کی طرف پیش رفت ہے۔چیف ایگزیکٹو ستارہ کیمیکلز انڈسٹریز میاں محمد ادریس نے اس موقع پر منصوبے کے نمایاں خدوخال پر روشنی ڈالی۔نجی شعبہ کی جانب سے ایسے منصوبوں کا آغاز انتہائی حوصلہ افزاءہے، اس سے ملک سے بجلی کی قلت کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔

ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے کوئلے سے چلنے والا ستارہ کیمیکل فیصل آباد کا یہ 40 میگا واٹ کا بجلی گھر صنعتی شعبہ میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا اور منفرد منصوبہ ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے حامل اس منصوبہ میں خودکار نگرانی کا نظام بھی موجود ہے جس کے باعث چوبیس گھنٹے ماحول کی حفاظت یقینی بنائی گئی ہے۔

موجودہ حکومت نے کاروباری برادری کو انتہائی موافق حالات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے انتھک کوششیں کی ہیں۔ حکومت خاص طور پر نجی شعبہ کی طرف سے بجلی کی صنعتی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے توانائی کے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے تاکہ نیشنل گرڈ پر بوجھ کو کم کیا جا سکے۔