- الإعلانات -

حکومت کا پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود غریبوں کو سہولت فراہم کرنے کا اعلان

حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود غریبوں کو سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کل اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جن غریب افراد کے لیے پیٹرول کی قیمت برداشت کرنا ناممکن ہے وہ 786 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر ارسال کریں، ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد انھیں بھی ہر ماہ 2 ہزار روپے دیے جائیں گے۔

وزیر خزانہ کے مطابق اس اقدام سے 60 لاکھ مزید پاکستانیوں کو فائدہ ہو گا، یہ پیسے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت دیے جانے والے اضافی دو ہزار روپے کے علاوہ ہوں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کے اس امدادی پیکج سے 8 کروڑ سے بھی زیادہ پاکستانی فائدہ اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ ایک دن قبل ہی وفاقی وزیر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا، جس کے بعد پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ ان کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 24.03 روپے فی لٹر اضافہ کیا جارہا ہے جبکہ ڈیزل پر 59.16 روپے، لائٹ ڈیزل آئل پر 39.16 روپے اور مٹی کے تیل پر 39.49 روپے فی لیٹر کے حساب سے اضافہ کیا گیا ہے۔

قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 233.89 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ڈیزل 263.31 روپے، مٹی کا تیل 211.43 روپے اور لائٹ ڈیزل آئل 207.47 روپے کا ہو گیا ہے۔