- الإعلانات -

بجلی بحران سے نمٹنے کے لیے سندھ بھر میں مارکیٹیں رات 9 بجے بند کرنے کا حکم

بجلی بحران کی وجہ سے کراچی سمیت سندھ میں تمام بازار، دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مال رات 9 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے کے بعد جاری رکھنا ممنوع قرار دیا گیا ہے، جس کے تحت تمام بازار، دکانیں اور شاپنگ مالز رات 9 بجے بند کردیے جائیں گے۔ نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ ہوٹلز، ریسٹورینٹس، کافی شاپس اور کیفے رات 11 بجے بند کیے جائیں گے،جبکہ میڈیکل سٹورز، ہسپتالوں، پیٹرول پمپس، سی این جی سٹیشنز، بیکریز اور دودھ کی دکانوں پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے کاروباری اوقات محدود کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نئے کاروباری اوقات کا اطلاق آج سے ہوگا جبکہ فیصلہ ایک مہینے کے لیے کیا گیا ہے۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق سندھ میں تمام شادی ہالز اور بینکوئٹ میں شادی اور دیگر تقاریب رات ساڑھے دس بجے تک ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔