- الإعلانات -

تحریک انصاف کا ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف احتجاج، مظاہرین سے عمران خان کا خطاب

گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھرمیں مہنگائی کےخلاف احتجاج کیا، اسلام آباد، پشاور، لاہور، کراچی، کوئٹہ میں مظاہرے کیے گئے، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں عوام کا جم غفیر امڈ آیا، پرامن احتجاجی مظاہرین نے حکومت کیخلاف نعرے بازی کی۔

احتجاجی مظاہروں سے سابق وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا جو ہر جگہ بڑی سکرینوں پر دکھایا گیا۔ مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کے معاملے پر ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جدوجہد اور جہاد ہماری بہتری کیلئے ہوتا ہے، ظلم کے خلاف جدوجہد کرتے ہیں تو اپنی بہتری کے لیے کرتے ہیں، آگے مزید مہنگائی آنے والی ہے، موجودہ حکومت میں پٹرول، ڈیزل، بجلی اور آٹے کی قیمتیں بڑھ گئیں، ڈیزل کی قیمتیں بڑھنے سے کسان متاثر ہوگا، کسان متاثر ہوگا تو فوڈ سکیورٹی کا مسئلہ ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ بجلی کے بل آنے پر پتہ چلے گا کہ کیا بم پھٹا ہے، ہم ڈھائی سال آئی ایم ایف پروگرام میں تھے، آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئےعوام پر بوجھ کم ڈالا، ہمارے دور میں پٹرول 12 روپے لٹر بڑھا تو مہنگائی مارچ کیا گیا، اشیاء کی قیمتوں میں آگے مزید اضافہ ہوگا، ہماری حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام میں رہتے ہوئے ہیلتھ کارڈ دیا۔

سربراہ تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے پٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانے کے بجائے 10 روپے کم کیے، بجلی فی یونٹ 5 روپے سستی کی، یہ کہتے ہیں عالمی مہنگائی ہے، عالمی مہنگائی تو پچھلی گرمیوں سے ہے، بارودی سرنگوں والا پاکستان تو ہمیں ملا تھا، ہم نے کورونا کے دوران اپنےعوام اور ملکی معیشت کو بچایا، اصل بارودی سرنگ تو بیرونی خسارہ ہوتا ہے، بیرونی خسارہ ڈالرز میں ہوتا ہے، یہ 20 ارب ڈالرز بیرونی خسارہ چھوڑ کر گئے تھے۔

انھوں نے کہا کہ ایف اےٹی ایف کے معاملے پر ہمارے دور میں بہت کام کیا گیا۔ خرم دستگیر نے پروگرام میں کہا کہ عمران خان رہ جاتے تو ہم سب نے جیل میں ہونا تھا، عدلیہ آزاد ہے، نیب نے ہمارے دور میں 480 ارب روپے اکٹھا کیا، ان کا مقصد این آر او 2 لینا تھا، مشرف نے ان کو این آراو ون دیا تھا، 95 فیصد کیسز ان کے اپنے ادوار کے بنے ہوئے ہیں، فیٹف کیلئے جب قانون پاس ہو رہا تھا تو ان لوگوں نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ یہ امریکا کےغلام ہیں اس لیے روس سے سستا تیل لینے کی بات نہیں کرتے، این آراو 2 سے یہ قوم کا 1200 ارب روپے ہضم کر جائیں گے، یہ پاکستان کو سری لنکا جیسی صورتحال کی طرف لے کر جا رہے ہیں، عدم اعتماد جب ہوئی تو ڈالر 178 روپے تھا، آج 208 روپے کا ہوگیا ہے، مفتاح اسماعیل امریکی سفیر کے پاس پہنچ گئے ہیں کہ ہماری مدد کریں، ملک پر وہ چور اور ڈاکو مسلط ہیں جن کے پیسے باہر پڑے ہیں۔

عمران خان نے حکومتی اتحاد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی سازش میں یہاں کے میر جعفر و میر صادق مل گئے ہیں،  پنجاب کے ضمنی الیکشن میں میچ فکس کرنے کی کوشش جاری ہے، شفاف الیکشن نہ ہوئے تو ملک مزید انتشار کی طرف جائے گا، پر امن احتجاج ہمارا حق ہے، میں جلد اسلام آباد آنے کی کال دوں گا۔