- الإعلانات -

اسحاق ڈار کا ورلڈ اسلامک فنانس فورم کے زیر اہتمام کانفرنس سے خطاب

کراچی : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں اسلامک بینکاری کے فروغ کے لئے حکومت سنجیدگی سے اقدامات اٹھا رہی ہے، معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے اپوزیشن ہمارا ساتھ دے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ورلڈ اسلامک فنانس فورم کے زیر اہتمام منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے وزارت کا منصب سنبھالنے کے بعد اسٹیٹ بینک کو ہدایت کی کہ ملک میں اسلامک بینکاری کو فروغ دیا جائے اور اس کے لئے مربوط حکمت عملی طے کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ وزیر اؑعظم محمد نواز شریف کی بھی خواہش ہے کہ ملک میں اسلامک بینکاری کو فروغ ملے اور اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے اسلامک بینکنگ کا تفیصلی جائزہ لیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامک بینکنگ کے فروغ کے لئے اب تک 3 اسلامک سینٹر فار ایکسیلینس قائم کئے جا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب بھی اسلامی طریقوں سے تجارت اور سرمایہ کاری کا درس دیتا ہے جس سے سودی نظام کا خاتمہ ہو۔