- الإعلانات -

غداروں نے امریکہ کے ساتھ مل کر منتخب حکومت کو ختم کیا، عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2جولائی کو اسلام آباد کی تاریخ کا بڑا جلسہ کرنے جارہے ہیں، آپ نے وعدہ کرنا ہے کہ گھر گھر جانا ہے۔

سابق وزیر اعظم نے اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مانے ہوئے کرپٹ لوگ ہم پر مسلط کردیئے گئے ہیں، ’کرائم منسٹر‘ اور اس کے بیٹوں پر 24ارب روپے کے مقدمات ہیں ،جو حکومت مسلط کی گئی ہے وہ 30سال سے چوری کررہے ہیں ، غداروں نے امریکہ کے ساتھ مل کر منتخب حکومت کو ختم کیا، آج کل بیرونی طاقتوں سے حملہ کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

عمران خان نے تنقید جاری رکھتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے غلاموں نے آتے ہی نیب اور اپنے اوپر بدعنوانی کے مقدمات ختم کرائے، موجودہ حکومت نے بجلی ، پیٹرول ، آٹا ، چینی سب مہنگا کردیا، ان مسلط لوگوں کو صرف غلامی کرنے کے لئے لایا گا ، ملزم کبھی قاضی نہیں بن سکتا۔

پی ٹی آئی سربراہ نے اپنے دور حکومت کی تعریف کرتے ہوئے بتایا کہ اکنامک سروے کے مطابق ہمارے دور میں بہترین ترقی ہوئی،حالانکہ یہ سروے موجودہ حکومت نے ہی جاری کیا ہے،ریکارڈ محصولات کی وصولی اور ریکارڈ برآمدات ہمارے دور میں ہوئیں، پچھلی دونوں حکومتوں سے زیادہ نوکریاں ہم نے دیں، ہمارے دور میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی،ہم نے اپنے دور حکومت میں 55لاکھ نوکریاں دیں۔

عمران خان نے جلسے کے حوالے سے اپنی بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ہمارے لیے نہیں بلکہ اپنے مستقبل کے لئے نکلنا ہے۔