- الإعلانات -

مویشی منڈیوں میں موجود جانوروں کی قیمتیں آسمانوں پر، لمپی اسکن سے بچاو کے لیے میڈیکل کیمپ قائم

ملک بھر کی مویشی منڈیوں میں خوبصورت جانور اور خریدار موجود ہیں، تاہم جانوروں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، جو عام آدمی کی قوت خرید سے باہر ہے۔ دوسری جانب لمپی سکن سے محفوظ رکھنے کے لیے شہروں داخلی اور خارجی راستوں پر میڈیکل کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔

سب سے پہلے لاہور کی بات کی جائے تو شہر میں عید الاضحیٰ کے موقع پر لگائی گئی مویشی منڈیوں میں خوبصورت ترین قربانی کے جانور موجود ہیں، جہاں لوگوں کی بڑی تعداد بھی خریداری کے لیے آئی ہوئی ہے، تاہم منڈی میں موجود جانوروں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں، جو عام بندے کی قوت خرید سے باہر ہیں۔

دوسری جانب عید قرباں کے موقع پر شہر کے مختلف علاقوں میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں میں لائے جانے والے جانوروں کو لمپی سکن اور دیگر بیماروں سے محفوظ رکھنے کے لیے شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر میڈیکل کیمپ قائم کر دیے گئے ہیں۔

راولپنڈی کی بات کی جائے تو شہر کا سب سے مہنگا جانور جس کی قیمت 50 لاکھ روپے رکھی گئی ہے اور وزن تیس من ہے بھاٹہ چوک مویشی منڈی میں لایا گیا ہے۔

پشاور شہر پر نظر ڈالی جائے تو مویشی منڈیوں میں لوگوں کا رش بڑھ گیا ہے، ہر شخص اپنی پسند کا جانور خریدنے  کی کوشش میں ہے، جہاں بیوپاریوں اور شہریوں میں بھاو تھاو کا سلسلہ جاری ہے تو وہیں خوبصورت چال چلن اور ناز نخرے کرتے ہوئے قربانی کے جانور لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں، تاہم شہری قیمتیں زیادہ ہونے کا شکوہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

اسی طرح عیدالاضحٰی قریب آتے ہی سجاول میں بھی مویشی  منڈی سج گئی ہے، مگر مویشی منڈیوں میں خریداروں کا رش کم دیکھائی دے رہا ہے۔

میڈیا اطلاعات کے مطابق اوکاڑہ میں جانوروں میں  لمپی اسکن وائرس تیزی سے پھیلنے لگا ہے، جس سے  مویشی شدید متاثر ہو رہے ہیں، اور کسانوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، شہریوں نے اعلیٰ حکام سے فی الفور ویکسی نیشن  فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔