- الإعلانات -

جسٹس اطہر من اللہ کا لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران جسٹس اطہر من اللہ نے تبصرہ کیا کہ یہ حقیقت ہے کہ کوئی کچھ نہیں کر رہا، تاہم یہ پتا چلنا چاہیے کہ اس وقت کتنے شہری لاپتا ہیں؟

اس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ رپورٹ کے مطابق 8400 میں سے ابھی 600 لوگ لاپتہ ہیں، بہت سارے لوگ اس مقدمے میں ڈبل رول ادا کررہے ہیں، اِدھر بھی اور اُدھربھی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل کے اس جواب پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی اٹارنی جنرل سے کہا کہ اتنی پولیس کو بھرتی کیا ہے، ان کا کیا کام ہے پھر؟

اس دوران فرحت اللہ بابر نے عدالت کو بتایا کہ اتنے لوگوں کو اٹھایا گیا، ابھی تک پتا نہیں چلاکہ کس نے ان لوگوں کو اٹھایا۔

بعد ازاں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے لاپتہ افراد کو بازیاب کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہوا تو وزیراعظم عدالت میں پیش ہوں۔

عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔