- الإعلانات -

وزیراعظم محمد نوازشریف کا چترال میں جلسہ عام سے خطاب

چترال : وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ ہم سب ملکر پاکستان کی خدمت کرینگے، مخالفین کے پراپیگنڈے کی پرواہ کئے بغیر ترقی کا سفر جاری رکھیں گے، چترال سے دل کی گہرائیوں سے محبت کرتا ہوں، لواری ٹنل جون 2017ءتک مکمل ہو جائے گی، ترقیاتی منصوبے خوشحالی کی منزل ہیں، علاقے کے 100 سے زائد دیہات کو بجلی فراہم کی جائے گی۔ بدھ کویہاں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے چترال کے عوام سے اتنا ہی پیار ہے جتنا وہ مجھ سے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لواری ٹنل کے علاوہ 17 ارب روپے شاہرات کی تعمیر پر بھی خرچ ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دلوں میں بغض نہیں جس کو جہاں مینڈیٹ ملا اس کا احترام کرتے ہیں، بغض ہوتا تو صوبوں میں حکومت بنا سکتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی سیاست کرنے والوں کو عوام نے ہر جگہ مسترد کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ چترال میں کئی یونیورسٹیاں بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہسپتال کی تعمیر کیلئے وزیراعظم ہیلتھ پروگرام کے تحت 250 بستروں پر مشتمل ہسپتال بنایا جائے گا جس کی تعمیر جلد شروع ہو گی اور اکثر منصوبے 2018ءتک مکمل ہو جائیں گے۔ 2018ءکے بعد بھی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل جاری رکھیں گے۔