- الإعلانات -

ایم کیو ایم کا عیدالاضحی پر قربانی کی کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان

متحدہ قومی موومنٹ نے عیدالاضحی پر قربانی کی کھالیں جمع نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

کراچی میں نیو ز کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ دو سال سے اجازت کے باوجود ایم کیو ایم کو زکوٰۃ، فطرہ اور قربانی کی کھالیں جمع کرنے سے روکا جارہا ہے،فلاحی ادارے چلانے کے لئے مخیر حضرات سے رابطہ کریں گے۔

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ایم کیو ایم قربانی کی کھالیں جمع نہیں کرے گی۔

ان کا کہناتھا کہ اس سال رمضان میں انہیں فطرہ اور زکوٰۃ جمع کرنے نہیں دیے گئےجبکہ گزشتہ سال کھالوں کے ٹرک چھین لیے گئے تھے،فلاحی کاموں کے لیے وہ مخیر حضرات سے رابطہ کریں گے جبکہ ادارے بھی گود لیے جاسکتے ہیں۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ان کے پاس پی ایس 127 میں دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں۔

ڈاکٹر عاصم کیس کا ذکر کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم پر بنایا جانے والا کیس جھوٹا ہے، قادر پٹیل، وسیم اختر اور دیگر ایم کیو ایم کے رہنماؤں کو کیس میں ملوث کیا جارہا ہے۔

انہوں نے عید کے بعد تمام حقائق سامنے لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے بانی کے پارٹی سے دستبردار ہونے کے واقعے کو بار بار نہیں دہرا سکتا۔

انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے رابطوں کی بھی تردید کی۔