- الإعلانات -

وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس اپنے دور حکومت کے آخر تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ اپنے دور حکومت کے آخر تک لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا وعدہ پورا کریں گے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ توانائی کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیر کا فوراً جائزہ لیا جائے اور تمام منصوبوں کی مقررہ وقت میں تکمیل ہرصورت یقینی بنائی جائے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں ملک میں جاری توانائی کے منصوبوں پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے 949 میگا واٹ کے نیلم جہلم ہایڈرو پاور پراجیکٹ اور 3 ہزار 478 میگا واٹ کے تربیلا فور توسیعی منصوبے پر بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ نیلم جہلم منصوبے کاپہلا فیز فروری دو ہزار اٹھارہ میں مکمل ہوجائےگا، جبکہ جہلم کے دیگر فیزز دو ہزار اٹھارہ کے گرمیوں تک فنکشنل ہوجائیں گے، چیئرمین واپڈا نے کہاکہ تربیلا فور توسیعی منصوبہ افتتاح کے لیے چودہ اگست دو ہزار سترہ تک تیار ہوجائے گا۔

وزیراعظم نے چیئرمین واپڈاکوہدایت کی کہ تمام ہاہیڈرو پاور پراجیکٹس میں ہرسطح پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے، وزیراعظم نے منصوبوں پر کام کی رفتار اور چیئرمین واپڈا کی کاوشوں کوسراہا۔

وفاقی سیکرٹری پانی وبجلی یونس ڈھاگا نے بریفنگ میں بتایاکہ ایل این جی، کوئلے اور دیگر ذرائع کےمنصوبے مارچ دو ہزار اٹھارہ تک مکمل کرلیے جائیں گے،ایک ہزار میگا وواٹ کے مختلف منصوبے اور تھر مٹیاری اور پورٹ قاسم مٹیاری ٹرانسمیشن لائن منصوبے وزیراعظم کے افتتاح کے لیے تیار ہیں۔