- الإعلانات -

پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج کا اعلان

لاہور: پنجاب میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنےو الے طلبا بازی لے گئے ہیں۔

لاہور میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں 3 لاکھ 49 ہزار 267 طلبا نے حصہ لیا جس میں سے 90 ہزار 827 طلبا کامیاب ہوئے۔ سالانہ نتائج میں کامیابی کا تناسب 60.85 رہا۔

گوجرانوالہ میں آئی کام میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے خرم سجاول کے والد معذور ہیں اور وہ ایک ہوٹل میں کام کرتے ہیں اور وہ اپنے والد کے ساتھ اپنے چچا کے گھر رہائش پذیر ہیں  جبکہ خرم کی والدہ اور بہن 2005 میں آنے والے زلزلے میں جاں بحق ہوگئی تھیں۔ خرم سجاول کا کہنا ہے کہ تنگ دستی کے باعث تعلیمی اخراجات برداشت سے باہر ہیں اگر حکومت سرپرستی کرے تو مزید تعلیم حاصل کروں گا۔ گوجرانوالہ میں پری میڈیکل میں پہلی پوزیشن فہد ذوالفقار نے حاصل کی فہد کے والد سبزی فروش ہیں فہد کا کہنا ہے کہ  والدین نے کم وسائل کے باوجود تعلیمی اخراجات پورے کئے۔

فیصل آباد بورڈ آف انٹر میڈیٹ نے بھی سالانہ امتحان کےنتائج کااعلان کردیا۔ جس کے مطابق مجموعی طورپر 82 ہزار 178 امیدوار امتحانات کا حصہ بنے جس میں سے 47 ہزار 681 طلبا کامیاب ہوسکے اس طرح کامیابی کا مجموعی تناسب 58.02 رہا۔ فیصل آباد کے امتحانی بورڈ کے مطابق سرکاری کالجز کے حصے میں کوئی کامیابی نہیں آئی اور پہلی تینوں پوزیشنز پرائیویٹ کالجز لے گئے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے عمرمقبول نے1044 نمبرلےکرپہلی پوزیشن حاصل کی، اسما بتول نے 1036 نمبر لئے اور دوسرے نمبر پر رہیں جبکہ ماہ نور نے 1034 نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ملتان میں جنرل گروپ میں 1013 نمبر کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والا وقاص دنیا میں ہی نہیں رہا۔ مرحوم رواں برس 11 جولائی کو برین ہیمرج کے باعث انتقال کرگیا تھا۔ وقاص کا تعلق وہاڑی سے ہے اور جب ان کے والد  نے اپنے بیٹے کی کامیابی کی خبر سنی تو وہ خوشی اور غم سے آبدیدہ ہوگئے اور نتائج کی تقریب میں شرکت کے لئے ملتان پہنچ گئے۔

راولپنڈی میں ہونے والے انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 60 ہزار 61 طلبا نے حصہ لیا جس میں سے 33 ہزار 460 طلبا کامیاب ہوئے اور امتحان میں کامیابی کا تناسب 56.95 فی صد رہا۔ امتحان میں 1041 نمبر لے کر یسریٰ حفیظ پہلے نمبر پر رہیں دوسرے نمبر پر نمرا ممتاز نے 1040 نمبر حاصل کئے جبکہ ملائکہ زمرد 1034 نمبر حاصل کرنے کے بعد تیسرے نمبر پر رہیں