- الإعلانات -

بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا وہاں لوگ غصے میں ہیں، وزیراعظم

نیو یارک: وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہےکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور اندھا کیا وہاں کے لوگ غصے میں ہیں۔

نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے 170 بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور متعدد کو اندھا کردیا وہاں کے لوگ غصے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے لیڈروں سے کشمیر پر خصوصی طور پر بات کی ہے، ہم ہر جگہ یہ مسائل اٹھاتے رہے ہیں لیکن پاکستانی میڈیا کو بھی ہمارے ساتھ محنت کرنا ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اُڑی واقعے کی ذمہ داری بھی ہم پر ڈال رہا ہے، بھارت نے 10 سے 12گھنٹے میں ہی ذمہ داری پاکستان پر ڈال دی جس سے سب کے دلوں میں شکوک پیدا ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں فوج، پولیس اور عوام نے بڑی قربانیاں دیں، دہشت گردی کے خلاف ہمارے 2 لاکھ 4 ہزار فوجی بڑی جنگ لڑرہے ہیں ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے یہ ہماری ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو توانائی بحران درپیش تھا اور اس کے ساتھ دہشت گردی بھی تھی لیکن ہماری حکومت نے اس بحران پر کافی حد تک قابو پالیا ہے جب کہ معیشت میں بہتری کا بھی دنیا اعتراف کرتی ہے۔