- الإعلانات -

ملکی اداروں کی تضحیک کرنا عمران خان کا مشغلہ ہے-رہنما ن لیگ

ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز اور محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملکی اداروں کی تضحیک کرنا عمران خان کا مشغلہ ہے،وہ بتائیں کہ کون سا ادارہ اپنا کام نہیں کر رہا،عمران خان قوم کو جواب دیں، اسلام آباد میں سرجیکل اسٹرائیک نہ کریں ۔

ن لیگ کے رہنما دانیال عزیز اور محمد زبیر پریس کانفرنس کر رہے تھے، اس موقع پر محمد زبیر نے کہا کہ ایک طرف سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کر رہے ہیں اور دوسری طرف اسلام آباد بند کرنے کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارےسوالوں کا جواب تو دے دیا کریں، کون سا ادارہ ایسا ہے جس نے اپنا کام نہیں کیا، عمران خان بتائیں ایف بی آر نے کیا کرنا تھا اور کیا نہیں کیا۔

محمد زبیر نے کہا کہ عمران خان سے پوچھیں سپریم کورٹ نے انہیں کیاجواب دیا ہے، ہر روز تضحیک کرنے والوں سے پوچھا جائے کہ کرنا کیا تھا جو نہیں کیا گیا،صرف یہ بتادیں کہ آپ کی حکومت ہوتی تو یہ ادارے کیا کرتے۔

دانیال عزیز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا نام پاناما لیکس میں نہیں ہے،آئی سی آئی جے نے تسلیم کیا کہ ان کی خبر درست نہیں تھی،آئی سی آئی جے کو خط لکھا انہوں نے اپنی غلطیاں درست کیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سوال کا جواب دو، اس سے پہلے کہ تم اسلام آباد میں پاکستان پر سرجیکل اسٹرائیک کرو،پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکن جا کر آئی سی آئی جے کی ویب سائٹ دیکھیں،ویب سائٹ پر آج بھی جا کر دیکھا جاسکتا ہے کہ وزیراعظم کا نام موجود نہیں ہے۔