- الإعلانات -

تیز رفتاری کی وجہ سے دو مسافر بسوں کے تصادم, 24 افراد ہلاک

پاکستان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر رحیم یارخان میں دو مسافر بسوں کے تصادم میں کم سے کم 24 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ حادثہ پیر کو دریجا پھاٹک کے قریب پیش آیا جب کراچی سے لاہور جانے والی بس فیصل آباد سے صادق آباد جانے والی مسافر بس سے جا ٹکرائی۔

حادثہ کی وجہ تاحال معلوم نہیں تاہم ریسکیو ادارے کے ذرائع تیز رفتاری کو حادثے کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

سرکاری ٹیلی وژن کا ریسکیو 1122 کے حوالے سے کہنا ہے کہ حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 24 ہو چکی ہے جبکہ 69 افراد زخمی ہیں۔

زخمیوں کو رحیم یار خان اور خان پور کے ہسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جہاں 45 کے قریب زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس اور ریسکیو کے اہلکاروں کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

حادثہ اتنا شدید تھا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران بسوں کی باڈی کاٹ کر لوگوں کو نکالا گیا۔

وزیرِ اعلی پنجاب نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی ہدادیت کی ہے۔