- الإعلانات -

یاسین ملک کی حالت تشویشناک، 5 روز سے پانی نہیں دیا جا رہا: مشال ملک

اسلام آباد: رہنماء پاکستان تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں ممتاز اسیر کشمیری رہنماء یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کی رہائش گاہ پر ان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے اڑی واقعے کا تحقیقات کے بغیر ہی پاکستان پر الزام لگا دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اڑی واقعے کی عالمی برادری سے تحققیات کرانی چاہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر عالمی برادری تحقیقات کرے گی تو بھارتی اصلیت بے نقاب ہو جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مسئلے پر بیرون ممالک جانے والے وفود میں تحریک انصاف کو موقع نہیں دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیری پیلٹ گنز کا سامنا کر رہے ہیں، ہم مظلوم کشمیریوں کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ کرپشن پاکستان کو کینسر کی طرح چاٹ رہی ہے، کرپشن اور کرپٹ لیڈر سے جان چھڑانا ہو گی۔

اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے یاسین ملک کی اہلیہ محترمہ مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کی حالت انتہائی تشویشناک ہے، ان کو پانچ دن سے پانی بھی نہیں دیا گیا۔ مشال ملک نے کہا کہ آسیہ اندرابی کے خاوند بھی سالہاسال سے جیل کاٹ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہر سیاسی جماعت اس مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہے۔

مشال ملک نے شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی آمد پر ان کی شکرگزار ہوں، مقبوضہ کشمیر کربلا بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جنرل اسمبلی میں کشمیر کے مسئلے پر دوٹوک مؤقف اپنایا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جد و جہد فیصلہ کن مرحلے میں ہے۔