- الإعلانات -

شیخ رشید: ریلی میں ایسا طوفان ہوگا کہ لوگوں کو اندازہ ہوجائے گا کہ دو نومبر کو کیا ہوگا۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 28اکتوبر کو لال حویلی سے ریلی نکالیں گے، ریلی میں ایسا طوفان اٹھے گا کہ اندازہ ہوجائے گا کہ دونومبر کو ہوگا،پاکستان کی تاریخ میں جنرل راحیل شریف جیسا مقبول جنرل کوئی نہیں آیا،حکومت چاہتی ہے پاک فوج پنجاب پولیس بن جائے،اپوزیشن جماعتیں اس وقت ہماری تحریک میں شامل نہ ہوئیں تو بعد میں پچھتائیں گی،ضرورت پڑی تو قادری صاحب کو شامل کرلیں گے،طویل دھرنے کی کوئی گنجائش نہیں، دس دنوں میں نتیجہ نکل جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف عدالت بھی حرکت میں آئے اور احتجاج کرتی سڑکیں بھی اور الیکشن کمیشن بھی، ہم نے دو نومبر کو مرنے یا مارنے کا فیصلہ کرلیا،28ا کتوبر کو ہم لال حویلی سے شام تین بجے وارم اپ ریلی نکالیں گے اور ہم عمران خان کو اسلام آباد تک سی آف کریں گے ، اس ریلی میں ایسا طوفان ہوگا کہ لوگوں کو اندازہ ہوجائے گا کہ دو نومبر کو کیا ہوگا۔

نہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے وزیر اطلاعات پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنا کر پیش کردیا، پرویز رشید میڈیا کو دیکھ کر تقاریب میں سے چور دروازے سے بھاگ رہے ہیں،قومی سلامتی کے خلاف سازش کرناملک سے غداری ہے ، قومی غداروں کے خلاف غداری کے مقدمے قائم کیےجائیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت چاہتی ہے کہ پاک فوج پنجاب کی پولیس بن جائے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ایک ایسا جرنیل اس وقت موجود ہے جو پاکستان کی تاریخ کا سب سے مقبول ترین جرنیل ہے اور ایسا جرنیل آج تک نہیں آیا جس کی فوج ، شہدا اور ملک کے ساتھ کمٹمنٹ ہے ، بیس کروڑ افراد اس کی طرف دیکھ رہے ہیں، وہ جرنیل کچھ کرے یا نہ کرے وزیراعظم کو اپنی چوری کا اقرار کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ چور اپنی چوری کا اقرار کرتے ہوئے قوم سے معافی مانگے، ساری اپوزیشن جماعتیں بعد میں یہ وقت گزرنے پر پچھتائیں گی، میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دیتا ہوں کہ دونومبر سے قبل ہمارے ساتھ آجائیں ورنہ آپ کی سیاست ختم ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ قادری صاحب سے رابطے میں ہوں، ضرورت پڑی تو انہیں سیکنڈ رائونڈ کے لیے رکھ سکتے ہیں اور ان سے درخواست کرسکتے ہیں کہ ہمارے ساتھ شامل ہوجائیں، آج بھی ان سے ملاقات ہوئی جو بات ہوئی وہ شیئرنہیں کرسکتا کل یا پرسوں پریس کانفرنس کرکے سب کو آگاہ کریں گے۔