- الإعلانات -

حکومت کا جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو نیا گورنرسندھ بنانے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے موجودہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو ہٹا کران کی جگہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو یہ ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

حکومت نے گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان کو ہٹانے اوران کی جگہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی کو نیا گورنربنانے کا فیصلہ کیا ہے، گورنرسندھ کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم نوازشریف کی صدرمملکت ممنون حسین سے ملاقات میں کیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد سے استعفیٰ طلب کیا جائے گا، جسے رسمی طورپرمنظورکرکے فوری طور پرجسٹس(ر) سعید الزماں صدیقی اپنے عہدے کا حلف اٹھالیں گے۔

2002 کے انتخابات کے بعد اس وقت کے صدرپرویز مشرف نے عشرت العباد خان کو گورنرمقررکیا اوروہ اُس وقت سے اس عہدے پر کام کررہے ہیں۔ 2013 میں کراچی میں شروع کئے گئے آپریشن کے بعد ایم کیو ایم نے ان سے لاتعلقی کااظہارکیا تھا جب کہ گزشتہ ماہ پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال نے ان پر دہری شہریت رکھنے اور کرپشن کے الزامات عائد کئے۔

واضح رہے کہ جسٹس ریٹائرڈ سعید الزماں صدیقی 1999 میں چیف جسٹس آف پاکستان تھے تاہم انہوں نے پی سی او کے تحت حلف نہیں لیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) نے انہیں 2008 کے صدارتی انتخابات میں اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔