- الإعلانات -

سوات میں چھائونی کا سنگ بنیاد،دیرپا امن کو یقینی بنائیں گے:آرمی چیف

سوات:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سوات میں چھاؤنی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ، آرمی چیف کا کہنا ہے کہ سوات میں کینٹ کے قیام سے علاقے میں تیز رفتار ترقی اور دیرپا امن قائم ہو سکے گا۔

سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا ، وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ سوات کینٹ کے قیام سے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے تعاون سے علاقائی امن یقینی بنایا جائے گا۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ستمبر میں کینٹ قائم کرنے کی منظوری دی گئ تھی ۔ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ فاٹا اور مالاکنڈ ڈویژن کی ترقی ملک کے دیگر علاقوں کے معیار پر کی جائے گی۔

آرمی چیف نے شیخ زاید ہسپتال اور آرمی پبلک سکول کا بھی افتتاح کیا۔انھوں نے کہا کہ دنیا بھر نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی مہم میں حاصل کامیابیوں کو تسلیم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقے میں امن کے قیام میں پاک فوج کیساتھ مقامی آبادی کا بھی اہم کردار ہے۔