- الإعلانات -

بجلی لوڈ شیڈنگ کو 2018 میں دفن کر دیں گے:وزیراعظم

سانگلہ ہل :وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 2018 میں بجلی لوڈشیڈنگ کو دفن کر دیں گے ، عالمی ادارے آج پاکستان کی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔

سانگلہ ہل انٹرچینج کے افتتاح کے موقع پر جلسے سے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ میں نے 2013 کی انتخابی تقریر میں انٹرچینج بنانے کا وعدہ کیا تھا ، نواز شریف نے جب بھی اپنے بھائیوں سے وعدہ کیا اسے پورا کیا ، سانگلہ کے لوگوں نے انٹرچینج کا مطالبہ کیا تو پورا کر دیا۔

نواز شریف نے کہا کہ آپ کے گھروں تک سوئی گیس پہنچائیں گے ، آپ کے وارے نیارے ہو جائیں گے ، آج جگہ جگہ موٹروے بن رہے ہیں ، 2018 تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کو دفن کر دیں گے۔

کچھ عناصر ہماری ترقی کے راستے میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہیں ، ایسے لوگوں سے آپ کو جواب طلبی کرنی چاہئے لیکن ان سب کا ایجنڈا ناکام ہوگا۔ بجلی جب سستی ہوگی تو عوام کو فائدہ پہنچے گا ، صنعت کار اور کسان خوشحال ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ سی پیک ملک کی قسمت بدل دے گا، نئے پاکستان کا نعرہ مخالفین نے لگایا لیکن عملدرآمد ہم کر رہے ہیں ، آج گوادر میں عالمی بندرگاہ کی تعمیر قابل تحسین ہے ، ملک سے دہشتگردی کو ن لیگ نے ہی ختم کیا۔

تین سال قبل کے پاکستان کے حالات آج بدل چکے ہیں ، نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقعے میسر آئیں گے۔ انٹرچینج کی تعمیر سے کسان زرعی اجناس کی منتقلی کو بروقت انجام دے گا جس سے اچھا منافع کمائے گا۔

گزشتہ حکومتوں نے بجلی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا ، دہشتگردی پر قابو نہیں پایا گیا ، مہنگائی پر قابو نہیں پایا گیا اب یہ سب کام ہم کر رہے ہیں ، ہم قومی اداروں پی آئی اے ، ریلوے کو بہتر بنا رہے ہیں۔